حکومت کا نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ نے نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام  آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس بذریعہ ویڈیو لنک ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اسلامی نظریاتی کونسل کی نماز جمعہ کے اجتماعات کے بارے میں تجاویز  منظور کرتے ہوئے جمعہ کے اجتماعات پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لوگوں کو جمعہ کی نماز مختصر اور گھر سے وضو کرکے آنے کی تجویز دی جائے گی جب کہ نمازیوں سے صفوں میں فاصلہ بڑھانے اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی تجویز دی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اس معاملے پر علمائے کرام سے مزید مشاورت بھی کریں گے،  وزیراعظم نے گزشتہ روز مولانا طارق جمیل سے بھی کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کورونا کے پیش نظر مذہبی اجتماعات محدود کرنے سے متعلق بھی گفتگو کی گئی جب کہ اس حوالے سے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 237 ہوگئی ہے، سندھ سے 172، کے پی سے 16، بلوچستان سے 16، پنجاب سے 26 ،اسلام آباد سے 4 اور گلگت بلتستان سے 3 کیسز سامنے آئے ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 87 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار 477 ہوچکی ہے۔

صورتحال پر قابوپانے کے لیے ترکی اور متحدہ عرب امارات میں باجماعت نمازوں کا سلسلہ معطل کردیا گیا ہے جب کہ ایران میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی لگادی گئی ہے۔

مزید خبریں :