Time 31 مارچ ، 2020
پاکستان

شہباز شریف اور بلاول کا کورونا وائرس کے بحران پر مل کر کام کرنے پر اتفاق

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو فون کیا اور ملک میں کورونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر گفتگو کی۔

ترجمان ن لیگ کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کورونا وائرس کے بچاؤ سے متعلق سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس عالمی وبا ہے جسے مشترکہ کوششوں سے ہی شکست دی جاسکتی ہے۔

اس موقع پر  دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس کے بحران پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

ترجمان کے مطابق صدر ن لیگ  نے اپوزیشن کے دیگر رہنماؤں مولانا فضل الرحمان، سراج الحق  اور محمود خان اچکزئی سے بھی رابطہ کیا اور  کورونا وائرس کے حوالے سے مشترکہ مطالبات پر اتفاق کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1872 ہوچکی ہے جب کہ اس سے 26 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔

شہباز شریف نے  حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلا کر لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکمت عملی واضح کی جائے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان متعدد مرتبہ ملک میں لاک ڈاؤن سے انکار کرچکے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ لاک ڈاؤن سے غریب اور دیہاڑی دار طبقہ شدید متاثر ہوگا۔

مزید خبریں :