23 مارچ ، 2020
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کورونا وائرس کے تدارک اور اس سے بچاؤ کے لیے کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو فون کیا اور کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان کے مطابق بلاول بھٹواور شہباز شریف نے کورونا وائرس کےمقابلے کے لیے قومی یکجہتی اور اے پی سی بلانے پر بھی اتفاق کیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے اے پی سی کل ہی ہونی چاہیے۔
ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اس کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے رہنما سردار اختر مینگل سےبھی ٹیلوفونک رابطہ کیا اور تمام رہنماؤں نے اے پی سی کی حمایت کی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ کوروناوائرس کامقابلہ کسی ایک حکومت کے بس کی بات نہیں، تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو یکجا ہونا پڑے گا۔
اس سے قبل ایک ٹوئٹ میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم اس وباسے نمٹنے کےلیے ایک قومی لائحہ عمل بنانا چاہتے ہیں اور اے پی سی میں تمام جماعتوں اور فریقین کو کورونا سے نمٹنے کے لیے ایک صفحے پر لانا چاہتے ہیں ۔
خیال رہےکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 824 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وباسے 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔