Time 31 مارچ ، 2020
انٹرٹینمنٹ

بھارت میں لاک ڈاؤن: سلمان خان کا فلم انڈسٹری کے 25 ہزار ملازمین کی مدد کا اعلان

سلمان کی تنظیم نے یونین سے 25 ہزار ملازمین کے اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی حاصل کرلی ہیں: فیڈریشن آف ویسٹرن انڈین سنی ایمپلائز— فوٹو: فائل 

بالی وڈ اسٹار سلمان خان نے بھارت میں جاری 21 روزہ لاک ڈاؤن کے دوران فلم انڈسٹری میں دیہاڑی پر کام کرنے والے 25 ہزار ملازمین کی مدد کا اعلان کردیا۔

گزشتہ دنوں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں 21 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے بھارت میں بھی دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوا ہے۔

بھارت میں لاک ڈاؤن کے اعلان سے قبل ہی کورونا وائرس کے باعث فلموں کی شوٹنگ روک دی گئی تھیں جس کے باعث یومیہ اجرت پر کام کرنے والا طبقہ متاثر ہوا ہے۔

فلم انڈسٹری میں بھی کام کرنے والے 5 لاکھ افراد لاک ڈاؤن کی زد میں آئے ہیں لیکن ایک بار پھر ہمیشہ کی طرح بالی وڈ اسٹار سلمان خان نے ملازمین کی مدد کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے فلم انڈسٹری کے 25 ہزار ملازمین کی مدد کا اعلان کیا ہے جس کی تصدیق فیڈریشن آف ویسٹرن انڈین سِنی ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی سی) نے بھی کی ہے۔

فیڈریشن کے صدر کے مطابق سلمان خان نے فلم انڈسٹری کے ملازمین کی مالی مدد کا وعدہ کرتے ہوئے سماجی تنظیم بِینگ ہیومن کو ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سلمان کی تنظیم نے یونین سے 25 ہزار ملازمین کے اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی حاصل کرلی ہیں جس کے بعد جلد ہی ان کے اکاؤنٹس میں رقم منتقل کی جائے گی۔

سلمان خان کی جانب سے یہ مدد خاموشی کے ساتھ کی جارہی ہے جس کا انہوں نے خود باقاعدہ کوئی اعلان نہیں کیا تاہم یونین نے دیگر اداکاروں کو بھی سلمان کی طرح مدد کیلئے آگے آنے کی اپیل ہے۔

خیال رہے کہ سلمان خان دریا دلی کے حوالے سے ویسے ہی مشہور ہیں اور متعدد مرتبہ انہوں نے ساتھی اداکاروں اور دیگر افراد کی بھی مالی مدد کی ہے۔

مزید خبریں :