02 اپریل ، 2020
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہمارا مقابلہ محض کورونا سے ہی نہیں غربت اور بے روزگاری سے بھی ہے۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء حماد اظہر، اسد عمر اور خسرو بختیار کے علاوہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد نے بھی شرکت کی۔
اس دوران کورونا کے پیش نظر معیشت پر اثرات خصوصاً تعمیرات کے شعبے کا جائزہ لیا گیا اور اس کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہمارا مقابلہ محض کورونا وائرس سے ہی نہیں ہے بلکہ اس کے ساتھ غربت اور بے روزگاری سے بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ہر فیصلہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے تمام اداروں کو صوبوں کے ساتھ بھرپور تعاون کی بھی ہدایت کی۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ دوسرے ممالک کی نسبت کم ہے لہذا ہم نے انڈسٹریز کو کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کمزور طبقے کو کورونا وائرس سے معاشی خطرات لاحق ہیں، وائرس کے باعث مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر 24 مارچ سے تقریباً پورے ملک میں جزوی لاک ڈاؤن ہونے کے باعث انڈسٹریز، دفاتر اور تمام کاروباری مراکز بند ہیں۔
انڈسٹریز بند ہونے کی وجہ سے کاروباری طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کااظہار ٹیکسٹائل اور دیگر انڈسٹریز سے تعلق رکھنے والے افراد کر بھی چکے ہیں۔