دنیا
Time 03 اپریل ، 2020

کورونا کا شکار برطانوی وزیراعظم کو 7 روز بعد بھی تیز بخار

رائٹرز فوٹو

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ان میں ابھی کورونا وائرس کی علامات موجود ہیں جس کی وجہ سے وہ بدستور آئسولیشن میں رہیں گے۔

برطانوی وزیراعظم کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گزشتہ 7 روز سے 11 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں آئسولیشن میں موجود ہیں۔

تاہم،اسکائی نیوز کے مطابق 7 روز گزرنے کے بعد بھی بورس جانسن بدستور گھر میں ہی رہیں گے کیونکہ انہیں ابھی بھی تیز بخار ہے۔

ٹوئٹر پر ایک ویڈیو میسج میں بورس جانسن نے کہا کہ "اگرچہ میں کافی بہتر محسوس کر رہا ہوں اور میں نے اپنی7 روزہ آئسولیشن بھی مکمل کرلی ہے لیکن ابھی ایک معمولی سی علامات موجود ہے ۔"

انہوں نے کہا کہ "مجھے ابھی بخار ہے اس لیے حکومتی مشورے کے مطابق مجھے ابھی تمام علامات ختم ہونے تک سیلف آئسولیشن میں ہی رہنا ہے۔"

انہوں نے اپنے پیغام میں لوگوں سے اپیل بھی کی کہ وہ اپنے گھروں میں ہی رہیں ۔

یاد رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 38 ہزار سے بڑھ چکی ہے جب کہ مہلک وائرس کی وجہ سے پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں سمیت 3605 شہری ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :