Time 03 اپریل ، 2020
پاکستان

پاک افغان سرحد دوطرفہ تجارت کیلئے کھولنے کا فیصلہ

چمن میں باب دوستی اتوار سے کھلے گا، کل سے دونوں ممالک میں پھنسے پاکستانی اور افغان شہریوں کو آنے جانے کی اجازت ہوگی۔— فوٹو: فائل

پاک افغان سرحد چمن کے مقام پر اتوار سے دو طرفہ تجارت کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چمن میں باب دوستی پر پاک افغان سرحدی فورسز کے درمیان فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں اتوار سے پاک افغان سرحد دوطرفہ تجارت کھولنے پر اتفاق کیا گیا اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کل سے دونوں ممالک میں پھنسے پاکستانی اور افغان شہریوں کو آنے جانے کی اجازت ہوگی۔

سیکورٹی حکام مطابق باب دوستی پر پاک افغان سرحدی فورسز کے درمیان ہونے والی فلیگ میٹنگ میں تاجر برادری بھی شریک ہوئی۔

فلیگ میٹنگ کے بعد کمانڈنٹ ایف سی کرنل راشد صدیق نے ٹریڈرز کے ہمراہ باب دوستی پر مکمل ہونے والے قرنطینہ سینٹرکا دورہ بھی کیا جو کل سے آپریشنل ہوجائے گا۔

قرنطینہ میں خواتین اور مردوں کےلیے الگ الگ خیمے بنائے گئے ہیں۔ اس موقع پر کمانڈنٹ ایف سی کا کہنا تھا کہ افغان حکام کیساتھ اجلاس میں آمدورفت بحالی کا طریقہ کار طے کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ افغانستان سےآنےوالے پاکستانیوں کو قرنطینہ میں 14دن رکھا جائےگا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 27 مارچ کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں پاکستان کی مغربی اور مشرقی سرحدوں کو مزید دو ہفتوں کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :