04 اپریل ، 2020
پاکستان تحریک انصاف کے اتحادی اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے کور کمیٹی کے اجلاس میں جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری سے متعلق بات کی ہے۔
یاد رہے کہ جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمان کو 35 سال پرانے ایک پرائیوٹ پراپرٹی کیس میں 12 مارچ کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے حراست میں لے لیا تھا۔
میڈیا، سول سوسائٹی، سیاسی جماعتوں، وکلا تنظیموں اور انسانی حقوق کی نمائندہ تنظیموں نے میر شکیل الرحمان کی نیب حراست کی شدید مذمت کی ہے اور اسے صحافت کی آزادی پر حملے کے مترادف قرار دیا ہے۔
وزیرریلوے نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ تمام میڈیا کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سےکورکمیٹی اجلاس میں میرشکیل کی گرفتاری سےمتعلق بات کی اور کہا کہ سب کے ساتھ صلح ہو۔