04 اپریل ، 2020
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک پہننے سے انکار کردیا۔
وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز مرکز برائے انسداد امراض (سی ڈی سی) کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کے لیے ماسک پہننے کی ہدایات دی گئیں لیکن یہ ہدایت رضاکارانہ تھی آپ نے یہ لازمی نہیں کرنا ،میں تو ایسا نہیں کررہا۔
ٹرمپ کاکہنا تھاکہ انہیں اپنے دفتر میں ماسک پہن کر صدور، وزرائے اعظم، ڈکٹیٹرز، بادشاہوں اور ملکاؤں کا استقبال نہیں کرنا ہے۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر کسی کے پاس ماسک دستیاب نہیں تو وہ عارضی طور پر اسکارف کا بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ویسے تو ہم بڑی تعداد میں ماسک تیار کر رہے ہیں تاہم یہ اسپتالوں کے لیے ہیں جہاں ان کی زیادہ ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکا میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے بعد امریکی مرکز برائے انسداد امراض نے تجویز کیا ہے کہ وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام شہری ماسک لازمی پہنیں۔
امریکا میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اس وقت تک دنیا میں سب سے زیادہ کیسز امریکا میں رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 786ہوچکی ہے جو کہ روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ دنوں اس بات کا خدشہ ظاہر کیا تھا کہ امریکا میں کورونا سے 2 لاکھ تک ہلاکتیں ہوسکتی ہیں اور اگر وہ اس تعداد کو ایک لاکھ تک روک سکیں تو یہ بڑی کامیابی ہوگی۔