دنیا
Time 01 اپریل ، 2020

کورونا: امریکا میں ماسک کی کمی، ٹرمپ کا لوگوں کو اسکارف پہننے کا مشورہ

فوٹو: فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر لوگوں کو اسکارف پہننے کا مشورہ دے دیا۔

امریکا میں کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور امریکا کی تمام 50 ریاستوں میں اب تک اپنے قدم رکھ چکا ہے جس کی وجہ سے وہاں فیس ماسکس، سینی ٹائزرز، وینٹی لیٹرز اور دیگر طبی آلات کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس صورت حال کے پیش نظر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ چاہیں تو وائرس سے بچنے کے لیے اسکارف بھی پہن سکتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آپ ماسک خرید سکتے ہیں لیکن بہت سے لوگوں کے پاس اسکارف ہوں گے اور آپ ماسک کی جگہ ان اسکارف کو بھی پہن سکتے ہیں۔

ٹرمپ نے لوگوں کو اسکارف پہننے کا مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ ایسا صرف مختصر عرصے کے لیے کرنا ہو گا۔

فوٹو: فائل

اس سے قبل امریکی محکمہ صحت کے ترجمان کی جانب سے امریکیوں کو کہا گیا تھا کہ وہ اس وقت تک فیس ماسک کا استعمال نہ کریں جب تک وہ بیمار نہ ہوں مگر اب وہ یہ سوچ رہے کہ عوام کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنےکے لیے فیس ماسک پہنیں۔

دوسری جانب امریکی فزیشن اور سفارت کار ڈاکٹر ڈیبوراہ برکس جو کہ خود اپنے رنگ برنگے اسکارف پہننے کے حوالے سے مشہور ہیں، ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حتمی نہیں ہے اس پر مزید غور و فکر کی جا رہی ہے۔

امریکا میں کورونا کی صورتحال

خیال رہے کہ امریکا میں اموات کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہو گئی ہے جہاں سب سے پہلے کورونا وائرس منظر عام پر آیا تھا۔

امریکا میں گزشتہ روز 800 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی تھیں جب کہ مزید اموات کے بعد یہ تعداد 4 ہزار سے بھی زیادہ ہو گئی ہے اور امریکا میں متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ 88 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ملک میں کورونا وائرس کے باعث 2 لاکھ تک اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو ہفے امریکی شہریوں کے لیے انتہائی دردناک ہو ں گے۔

دنیا بھر میں کورونا کی صورتحال

کورونا وائرس اب تک دنیا کے203 ممالک تک پھیل چکا ہے اور جہاں اموات کی تعداد 42 ہزار 328 جب کہ متاثرین کی تعداد 8 لاکھ 59 ہزار 400 ہو گئی ہے۔

مزید خبریں :