05 اپریل ، 2020
عالمگیر وبا کورونا پر چین تو قابو پانے میں کامیاب ہو رہا ہے لیکن اٹلی، اسپین اور امریکا کے بعد فرانس میں اس کے جان لیوا حملے جاری ہیں اور یوں دنیا بھر میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 64 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔
چین سے پھیلنے والی عالمگیر وبا نے اب امریکا کو اپنی شدید لپیٹ میں لے رکھا ہے جہاں مسلسل چوتھے روز ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد امریکا میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 11 ہزار 635 تک پہنچ گئی ہے جب کہ کل اموات 8 ہزار 554 ہو گئی ہیں۔
اسپین میں بھی کورونا حملوں کا سلسلہ چند روز سے مسلسل جاری ہے جہاں اب تک 11 ہزار 947 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور ایک لاکھ 26 ہزار 168 افراد متاثرین میں شامل ہیں۔
کورونا کے حملوں کے باعث اٹلی میں بھی ہر طرف خوف چھایا ہوا ہے جہاں اموات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، نئے اعداد و شمار کے مطابق اٹلی میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 24 ہزار 632 جب کہ اموات 15 ہزار 362 ہو چکی ہیں۔
اسی طرح فرانس میں بھی ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ جرمنی میں بھی ہلاکتوں کی تعداد تیزی سے بڑھ کر 14 سو سے زیادہ ہوگئی ہے۔
چین جہاں سے کورونا وائرس دنیا میں سب سے پہلے منظر عام پر آیا تھا، اب وہ وبا پر قابو پانے میں کافی حد تک کامیاب ہو چکا ہے۔ چین میں متاثرین کی تعداد 81 ہزار 669 ہے جو امریکا او یورپی ممالک کے مقابلے میں کم ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد میں بھی چین ان ممالک سے پیچھے آ گیا ہے۔
ترکی میں بھی کورونا وائرس کے باعث اموات میں اچانک اضافہ ہو گیا ہےجہاں اموات کی مجموعی تعداد 500 سے بڑھ گئی ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے 20 سال سے کم عمرلڑکوں کے گھر سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کر دی ہے جب کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کے گھر سے باہر نکلنے پر پہلے ہی پابندی عائد ہے۔
سعودی عرب میں 29، یو اے ای میں10، بھارت میں 99 اور پاکستان میں بھی 45 زندگیاں کورونا وائرس کی نذر ہو چکی ہیں۔
دنیابھرمیں کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 2 ہزار 435 جب کہ ہلاک افراد کی تعداد 64 ہزار 729 ہو گئی ہے۔ اب تک کورونا سے متاثرہ 2 لاکھ46 ہزار 638 سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔