پاکستان
Time 05 اپریل ، 2020

عملے کو قرنطینہ میں رکھنے کا اصرار، پی آئی اے کا کراچی سے فلائٹ آپریشن معطل

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز  (پی آئی اے) نے کراچی سے فلائٹ آپریشن معطل کرنے کا اعلان کردیا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ قومی ائیر لائنز حکومت پاکستان کی وضع کردہ ہدایات پر سختی سے عمل پیرا ہے، ہدایات میں جہاز کی ڈس انفیکشن سے لے کے عملے کی صحت و سلامتی کی احتیاط شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے فضائی عملے کو کراچی ائیر پورٹ پر قرنطینہ کرنے کا معاملہ  حکومت پاکستان کی ہدایات کے منافی ہے لیکن ہدایات کے باوجود محکمہ صحت سندھ کے عملے نے کپتانوں کو زبردستی قرنطینہ کرنے پر اصرار کیا۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ فضائی عملے میں کورونا وائرس کی موجودگی کی اطلاعات گمراہ کن ہیں، حکومتی وضع کردہ ہدایات میں ہم آہنگی تک کراچی سے فضائی آپریشن معطل رہے گا۔

اس معاملے پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ائیر مارشل ارشد ملک نے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں  ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کا فضائی عملہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی خدمات انجام دے رہا ہے اور  پی آئی اے عملے کی ہر ممکنہ حفاظت کو یقینی بنائی ہوئی ہے۔

پالپا نے قومی ائیر لائن کے پائلٹس کو جہاز اڑانے سے روک دیا

دوسری جانب پاکستانی پائلٹس کی نمائندہ تنظیم پاکستان ائیر لائن پائلٹ ایسوسی ایشن (پالپا) نے سیفٹی ایشوز کے پیش نظر قومی ائیر لائن کے پائلٹس کو جہاز اڑانے سے منع کر دیا ہے۔

پالپا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیرکو نظر انداز کیاجارہا ہے، جن ممالک میں کورونا وائرس ہے، وہاں پائلٹس اور عملے کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں لہذا انسانی ہمدردی کے تحت اسپیشل فلائٹس اڑانے سے انکار کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے  اندرون ملک کے علاوہ بیرون ملک کے لیے بھی فلائٹ آپریشن معطل ہے تاہم گذشتہ دنوں حکومت نے جزوی طور پربین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کیا تھا تاکہ بیرون ملک پھنسے پاکسانیوں کو واپس لایا جاسکے۔

مزید خبریں :