Time 05 اپریل ، 2020
پاکستان

کورونا وائرس : بزرگ برطانوی شہریوں کو پاکستان سے لیجانا ترجیح ہے، ہائی کمشنر

پی آئی اے کے ساتھ رابطے میں ہیں اور 5 دن کے اندر چار ہزار برطانوی شہریوں کو واپس لے کر جائیں گے: برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر— فوٹو: فائل 

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا ہے کہ  پاکستان میں ایک لاکھ برطانوی شہری موجود ہیں جن میں سے بزرگ افراد کی واپسی پہلی ترجیح ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر  کرسچن ٹرنر کا ویڈیو لنک پر برطانیہ میں موجود پاکستانی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہنا  تھاکہ پی آئی اے کے ساتھ رابطے میں ہیں اور 5 دن کے اندر 4 ہزار برطانوی شہریوں کو واپس لے کر جائیں گے۔ 

اس دوران کرسچن ٹرنر نے حکومت پاکستان اور پی آئی اے حکام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پی آئی اے کے کرائے دیگر ائیرلائنز کے مقابلے میں مناسب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کے اندر ایک غلط فہمی موجود تھی کہ برطانوی حکومت لوگوں کو چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعے مفت واپس لے جارہی ہے جو کہ درست نہیں، چارٹرڈ طیاروں کے مسافروں کو بھی کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تقریباً ایک لاکھ برطانوی شہری موجود ہیں، جن میں سے پہلی ترجیح ان لوگوں کی واپسی ہے جو معمر ہیں یا بیمار ہونے کا خدشہ ہے۔

ایک سوال کے جواب پر انہوں نے بتایا کہ جن مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے، حکومت پاکستان ان کی مکمل ذمہ داری لیتے ہوئے انہیں آئسولیشن میں رکھ رہی ہے، اس لیے ان کا بیماری کے دوران واپس برطانیہ جانا ممکن نہیں ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ دوران سفر مسافروں کے حفظان صحت کا خیال رکھنا پی آئی اے کی ذمہ داری ہے جو مجھے یقین ہے وہ مکمل طور پر ادا کررہے ہوں گے۔

کرسچن ٹرنر کا کہنا تھا کہ جو لوگ برطانوی شہری نہیں مگر ان کے پاس برطانیہ کا ویزا موجود ہے، ان کے بھی وبا کے دنوں میں برطانیہ جانے پر کوئی پابندی نہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے اندرون ملک کے علاوہ بیرون ملک کے لیے بھی فلائٹ آپریشن معطل ہے تاہم گذشتہ دنوں حکومت نے جزوی طور پربین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کیا تھا۔

گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر امور ہوا بازی غلام سرور خان کی خصوصی کاوشوں سے وزیر اعظم عمران خان نے پروازوں کی بحالی کی منظوری دی تھی۔

پہلے مرحلے میں کینیڈا اور برطانیہ کے لیے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد اب کینیڈین حکومت کی درخواست پر پی آئی اے کی دو خصوصی پروازیں ٹورنٹو کے لیے روانہ ہوئیں۔

کراچی اور لاہور ائیر پورٹس سے 600 مسافر کینیڈا کے لیے روانہ ہوئے، کراچی سے پی کے 781 اور لاہور سے پی کے 789 کینیڈا کے لیے روانہ ہوئی، مسافروں کی جامع اسکریننگ اور ان کے سامان سمیت ڈس انفیکشن کی گئی تھی۔

مزید خبریں :