دنیا
Time 05 اپریل ، 2020

سعودی عرب میں لاک ڈاؤن کے باعث پھنسے عمرہ زائرین کی واپسی کا عمل شروع

شاہی فرمان کے تحت سعودی عرب میں ویزے کی معیاد ختم ہونے والے زائرین کو جرمانے اور قید کی سزاؤں سے استثنیٰ دیا گیا ہے،فوٹو:فائل

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہیں رہ جانے والے عمرہ زائرین کی وطن واپسی کا عمل شروع ہوگیا۔

عرب نیوز کے مطابق اتوار کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پاسپورٹ حکام کی جانب سے لاک ڈاؤن کے باعث سعودی عرب میں پھنس جانے والے عمرہ زائرین کی ان کے وطن واپسی کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

حکام کے مطابق وزارت حج و عمرہ اور وزارت صحت کے تعاون سے  تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ مسافروں کو روانہ کیا گیا ہے۔

شاہی فرمان کے تحت سعودی عرب میں ویزے کی معیاد ختم ہونے والے زائرین کو جرمانے اور قید کی سزاؤں سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2300 سے زائد ہوچکی ہے جن میں سے 34 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی عرب میں 15 مارچ سے غیر ملکی پروازوں کی آمدورفت روک دی گئی تھی جب کہ 23 مارچ سے ملک بھر میں  21 روز کے لیے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے  اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لیے مزید سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

حفاظتی اقدامات کے تحت تمام مساجد بشمول مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے اندرونی اور بیرونی حصے میں پنجگانہ نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر مکمل پابندی عائد کی جاچکی ہے تاہم  اب حرم شریف میں مطاف کے حصے میں طواف کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :