Time 06 اپریل ، 2020
پاکستان

کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والی فوج پر تشدد افسوسناک ہے، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر  اور  قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کوئٹہ میں ڈاکٹرز اور طبی عملے پر پولیس کے لاٹھی چارج کی شدید مذمت کی ہے۔

شہباز شریف کا اپنے بیان میں کہنا ہےکہ کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والی فوج  پر تشدد افسوسناک ہے اور مہلک وائرس سے لڑنے کے لیے حفاظتی کٹس فراہم کرنے کے بجائے ڈاکٹرز پر ڈنڈے برسائے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کورونا کے خلاف جنگ کیسے جیتے گی، اگر اپنی فوج کو ہتھیار نہیں دے گی؟ اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے والوں پر تشدد کی منطق سمجھ سے باہر ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تشدد، ڈنڈے، گالی اور تقریروں سے کورونا کا مقابلہ نہیں ہوسکتا، کب سے توجہ دلارہا ہوں کہ خدارا ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس پہنچائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ قوم پر رحم کریں اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیاجائے اور حالات کی سنگینی کا ادارک کیاجائے۔

خیال رہے کہ کوئٹہ میں حفاظتی کٹس کی دستیابی کے لیے احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا تھا۔

مظاہرین سول اسپتال سے مارچ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پہنچے تھےکہ اس دوران پولیس نے ڈاکٹرز اور طبی عملے پر لاٹھی چارج کیا اور کئی ڈاکٹرز و طبی عملے کو گرفتار کرلیا۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک متعدد ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف مہلک وائرس کا شکار بن گئے ہیں۔ ڈاکٹروں کی جانب سے مسلسل حفاظتی کٹس کی فراہمی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :