دنیا
Time 07 اپریل ، 2020

ملیریا کی دوا کے حوالے سے ٹرمپ کی بھارت کو دھمکی کام کرگئی

امریکی صدر کی بھارت کو دی گئی دھمکی اثر دکھاگئی، بھارت نے ہائڈرو آکسی کلوروکوئین دوا کی کھیپ امریکا بھیجنے کی اجازت دے دی۔

بھارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے کلوروکوئین اور پیراسیٹامول سمیت 14 دواؤں کی برآمد پر سے پابندی ہٹاتے ہوئے’مناسب مقدار‘ میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دوائیں ہمسایہ ممالک کے علاوہ عالمی وبا سے بری طرح متاثر ملکوں کو بھجوائی جائیں گی۔

علاوہ ازیں  کانگریس رہنما راہول گاندھی نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ دوستی میں جوابی کارروائی کیسی؟ بھارت کو تمام ممالک کی ضرورت کے وقت مدد کرنی چاہیے لیکن پہلی ترجیح بھارتیوں کودی جانی چاہیے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر نے بھارت کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے ملیریا کی دوا نہ دی تو جوابی کارروائی کےلیے تیار رہے۔ 

امریکی ڈرگ اینڈ فوڈ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے ملیریا کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی معروف ادویات 'کلوروکوئین' اور 'ہائیڈرو آکسی کلوروکوئین' کو کورونا وائرس کے مریضوں پر استعمال کرنے کی تجویز دی ہے۔

ایسے میں بھارت وہ ملک ہے جہاں ہائیڈروآکسی کلوروکوئین ادویات بڑی تعداد میں بنائی جاتی ہیں۔

اس سلسلے میں امریکی انتظامیہ نے بھارتی وزریراعظم نریندر مودی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ادویات کے لیے مدد کی درخواست کی تھی۔

برطانوی میڈیا کےمطابق گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں بریفنگ کے دوران امریکی صدر نے کہا تھا کہ بھارت نے تجارت میں امریکا سے بہت فائدہ اٹھایا ہے، پھر بھی اگر وہ دوا دینے سے انکار کرے گا تو حیرانی ہوگی۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مودی سے بات کی ہے، دیکھتےہیں کہ کیا فیصلہ ہوگا، یقیناً اگر بھارت نے اجازت نہ دی تو جوابی اقدام کریں گے۔

واضح رہےکہ  کورونا کے خلاف مؤثر قرار دیے جانے کے دعوؤں کے بعد بھارت نے ہائیڈرو آکسی کلوروکوئین دوا کی برآمد پر پابندی لگا رکھی ہے۔

کورونا وائرس کے مریضوں پر  'کلوروکوئین' اور 'ہائیڈرو آکسی کلوروکوئین' کا استعمال کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں چند مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ ان ہی دواؤں کے استعمال کے باوجود ڈاکٹر سمیت ایک مریض لقمہ اجل بھی بن چکا ہے۔

ادھر انڈین کاؤنسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کی جانب سے بھی لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ ملیریا کی دوائی کو کووڈ-19 سے بچاؤ کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

امریکا میں کورونا وائرس کی صورتحال 

عالمگیر وبا کورونا سے امریکا میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 67 ہزار629 ہوگئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 10ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

مزید خبریں :