06 اپریل ، 2020
فرانس میں ڈاکٹروں کے ایک گروپ نے کورونا وائرس کے زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ملیریا سے بچاؤ کی دوا 'کلوروکوئین' تجویز کرنے پر زور دیا ہے جس کیلئے فرانسیسی ڈاکٹرز نے ایک آن لائن پیٹیشن بھی شروع کی ہے۔
پیٹیشن پر2 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد نے دستخط کردیے ہیں جس میں فرانسیسی حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے زیادہ سے زیادہ مریضوں کے علاج کیلئے ملیریا سے بچاؤ کی دوا تجویز کرنے کی اجازت دیں۔
فرانسیسی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے شکار مریضوں کو ابتداء میں ملیریا سے بچاؤ کی دوا دینے سے اس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے۔
آن لائن پیٹیشن شروع کرنے والے ڈاکٹروں کے گروپ میں فرانس کے سابق وزیر صحت فلپ ڈاؤسٹے بلازی بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ فرانس نے کووڈ 19 کے صرف سنگین کیسز میں کلوروکوئین تجویز کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔
اس کے علاوہ کورونا کے مریضوں کو ملیریا سے بچاؤ کی دوا دینے پر دنیا بھر کے طبی ماہرین بھی متفق نہیں ہیں اور اس حوالے سے متضاد آراء سامنے آرہی ہیں۔
خیال رہے کہ امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے مخصوص کورونا مریضوں کی جان بچانے کے لیے ہائیڈرو آکسی کلوروکوئین سلفیٹ اور کلوروکوئین فاسفیٹ پراڈکٹس کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی ہے۔
ایف ڈی اے نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلوروکوئین اورہائیڈرو آکسی کلوروکوئین کورونا کے ہر مریض کے استعمال کے لیے ہرگز نہیں ہے اور یہ دوا صرف ان مریضوں کے لیے ہے جن کی جان کو سنگین خطرات لاحق ہوں۔