پاکستان
Time 07 اپریل ، 2020

نجی اسپتالوں اور ڈاکٹرز نے وزیراعلیٰ سندھ کو لاک ڈاؤن مزید بڑھانے کی تجویز دیدی

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے نجی اسپتالوں کے مالکان اور ڈاکٹرز نے ملاقات کی اور انہیں لاک ڈاؤن کو مزید بڑھانے کی تجویز دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے نجی اسپتالوں کے مالکان اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای او) نے ملاقات کی جس میں کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ اتنی بڑی جنگ ہے جس میں ہماری حکومت کو آپ کی مدد اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اسپتالوں میں کورونا وائرس کیسز کے لیے آئی سی یو اور سی سی یو بھی قائم کیے ہیں جبکہ تمام سرکاری اسپتالوں اور الگ سے بھی آئیسولیشن سینٹرز بنائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کے نجی اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے الگ بیڈز، آئی سی یو ہونے چاہئیں، سندھ حکومت کے محدود وسائل ہیں، اس کے باوجود 104 بستروں کا سرکاری اسپتال میں انتظام کیا ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں جتنے ٹیسٹ چاہئیں کِٹس کم ہونے کی وجہ سے نہیں کر پارہے۔

نجی اسپتالوں کے مالکان اور ڈاکٹرز کی لاک ڈاؤن کو مزید بڑھانے کی تجویز

اس دوران نجی اسپتالوں کی انتظامیہ نے حکومت سندھ کا ساتھ دینے پر آمادگی ظاہر کی اور کہا کہ تمام نجی اسپتال سندھ حکومت کے ساتھ ہر قسم کی مدد کیلئے تیار ہیں۔

دوران ملاقات نجی اسپتالوں کے مالکان اور ڈاکٹرز نے لاک ڈاؤن کو مزید بڑھانے کی تجویزدی اور کہا کہ لاک ڈاؤن نہ بڑھایا گیا تو کورونا کے کیسز بہت بڑھ جائیں گے اور سندھ سمیت ملک کا ہیلتھ کیئر نظام بیٹھ جائے گا۔

اس دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ تجویز پر جلد مشاورت کی جائے گی۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث سندھ میں شام 5 بجے کے بعد تمام کاروباری مراکز  کھولنے پر پابندی عائد ہے۔

سندھ سمیت ملک بھر میں لاک ڈاؤن 14 اپریل تک جاری رہے گا تاہم اس میں اضافے یا نرمی کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے اور 55 افراد مہلک وائرس کا شکار بن گئے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار سے زائد ہے۔

مزید خبریں :