پاکستان
Time 07 اپریل ، 2020

لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر الکرم اور یونس ٹیکسٹائل ملز کو سیل کردیا گیا

کراچی میں لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر الکرم اور یونس ٹیکسٹائل ملز کو سیل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق  الکرم ٹیکسٹائل پر کارروائی کمشنر کراچی کی سربراہی میں کی گئی اور اس دوران لاک ڈاؤن کی خلاف وزری پر مالک اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کو حراست میں لیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ دونوں فیکٹریز کو کمشنر کراچی کے حکم پر سیل کردیا گیا ہے تاہم ملز انتظامیہ نے آئندہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی نہ کرنے کی تحریری ضمانت دی ہے۔

ایس ایس پی ملیر علی رضا کے مطابق تحریری ضمانت کے بعد مالک اور انتظامیہ کے افسران کو چھوڑ دیا گیا ہے اور دونوں فیکٹریز لاک ڈاؤن کے عرصے میں سیل رہیں گی۔

ایس ایس پی ملیر نے مزید بتایا کہ الکرم ٹیکسٹائل مل نے 10 دن پہلے بھی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی تھی جس پر مل انتظامیہ کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا تھا لیکن  مقدمے میں ضمانت کے بعد الکرم ٹیکسٹائل دوبارہ کھول دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ سمیت ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت 4 یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہے۔

صوبے میں اب تک مہلک وائرس سے 18 اموات ہوچکی ہیں اور تقریباً ایک ہزار افراد متاثر ہیں جبکہ متعدد بار وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔

مزید خبریں :