Time 07 اپریل ، 2020
پاکستان

فخر امام نے وفاقی وزیر کا حلف اٹھا لیا، امین الحق کو فلائٹ نہ ملی

صدر مملکت نے ان سے عہدے کا حلف لیا— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وفاقی کابینہ میں شامل کیے گئے فخر امام نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

آٹا و چینی بحران رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد گزشتہ روزوزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کیں اور 2 نئے وزراء کو شامل کیا گیا۔

وفاقی کابینہ میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین فخر امام کو بھی شامل کیا گیا اور اب انہوں نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔

تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا تاہم کابینہ میں شامل ایم کیو ایم کے امین الحق حلف نہ اٹھاسکے۔

ایم کیو ایم کے رہنما و رکن قومی اسمبلی امین الحق کا کہنا تھا کہ کراچی سے اسلام آباد فلائٹ نہیں، اس لیے حلف نہیں اٹھا سکا اور وفاقی حکومت کو فلائٹس کی عدم دستیابی سے آگاہ کردیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی ہدایات ہیں، اس لیے حلف اٹھاؤں گا، حکومت کے اہم اتحادی ہیں اور مل کرچلیں گے۔

خیال رہے کہ فخر امام کو وزارت تحفظ خوراک و تحقیق جبکہ امین الحق کووزارت ٹیلی کام کا قلمدان دیا گیا ہے۔  

مزید خبریں :