Time 07 اپریل ، 2020
پاکستان

وزیراعظم کا چینی بحران تحقیقاتی کمیشن کے ارکان کو دھمکیاں دینے پر اظہار برہمی

وزیراعظم عمران خان نے چینی بحران کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کے ارکان کو دھمکیاں دیے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ چینی بحران کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کے ارکان کو دھمکیاں دی گئی ہیں جس پر وزیراعظم نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

معاون خصوصی کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ عناصر کو خبردار کیا ہے کہ اگریہ عمل دہرایا گیا تو سخت اقدام کیا جائیگا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ انصاف کی راہ میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے بھی 2014 اور 2018 میں اومنی گروپ کی شوگر ملز کو سبسڈی دی ، وزیراعظم 25 اپریل کو کمیشن کی حتمی رپورٹ کی روشنی میں مزید ایکشن لیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 2017میں شوگر ملز مالکان نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان سے بھی سبسڈی منظور کرائی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے معاون خصوصی نے بتایا کہ اجلاس میں معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے چینی بحران کی رپورٹ کابینہ اجلاس میں پیش کی۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ شوگر ملز نے اضافی ذخائر کی وجہ سے گنا خریدنے سے انکار کیا، وزیراعظم نے رپورٹ کی روشنی میں کاشت کاروں کے مسائل کےحل کی ہدایت کی ہے۔

 25 اپریل کو انکوائری کمیشن کی حتمی رپورٹ پر وزیراعظم قانون کے مطابق ایکشن لیں گے

انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرف سے چینی کی برآمد پر سبسڈی نہیں دی گئی، شوگرملزکے نمائندہ وفد نے 2017میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان سے ملاقات کی تھی اور شوگر ملوں کے لیے 20ارب روپے کی سبسڈی منظور کرائی تھی۔ 2014سے 2016کے درمیان بھی شوگر ملز کو سبسڈی دی گئی۔

انہوں نےکہا کہ موجودہ حکومت نے 2014کے بعد پہلی بار گنے کی قیمت میں اضافہ کیا جس کا مقصد کاشت کاروں کو فائدہ دینا تھا۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ 25 اپریل کو انکوائری کمیشن کی حتمی رپورٹ پر وزیراعظم قانون کے مطابق ایکشن لیں گے، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ میں شوگر پالیسی پر کئی سوالات اٹھائے گئے ہیں، مستقبل میں مصنوعی بحران سے بچنے کیلئے اصلاحات لائی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی، متروکہ وقف املاک بورڈ کی تنظیم نو کیلئے ٹاسک فورس کی تجاویز کی منظوری دی گئی اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی عمارتوں کوفلاحی کاموں کیلئے استعمال کرنے کی منظوری دی گئی۔

 7لاکھ 17ہزار 119رضا کار ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ ہوچکے ہیں

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ احساس پروگرام میں کسی قسم کا امتیازی سلوک نہیں برتا جا رہا، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا کی تازہ ترین صورتحال سے کابینہ کو آگاہ کیا، وزیراعظم نے بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ برتاؤ پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کورونا وبا کے خلاف صف اول کا دستہ ہے، 39 ہزار حفاظتی کِٹس صوبوں کو بھجوائی جا چکی ہیں، وفاق نے حفاظتی کِٹس صوبوں کی بجائے براہ راست اسپتالوں میں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کے مطابق کابینہ اجلاس میں معاون خصوصی عثمان ڈار نے ٹائیگر فورس کے حوالے سے بریفنگ دی، 7لاکھ 17ہزار 119رضا کار ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، ٹائیگر فورس ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کام کرے گی۔

مزید خبریں :