Time 08 اپریل ، 2020
پاکستان

ملک میں کورونا سے مزید 2 اموات، ہلاکتیں 63 ہوگئیں، مجموعی کیسز 4322 تک جا پہنچے

پاکستان میں آج کورونا وائرس سے مزید 6 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 61 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4207 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 61 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ 20 ہلاکتیں سندھ میں ہوچکی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 18 اور پنجاب میں اب تک 17 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

آج کورونا کے کیسز کی صورتحال

آج بروز بدھ ملک میں کورونا وائرس کے مزید 200 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 6 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں۔

آج سندھ میں 50 کیسز 2 ہلاکتیں، پنجاب میں 104 کیسز 2 ہلاکت، بلوچستان  8 کیسز ایک ہلاکت، خیبرپختونخوا 27 کیسز ایک ہلاکت ، آزاد کشمیر میں مزید 10 کیسز اور گلگت بلتستان میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ

سندھ میں آج کورونا کے مزید 50 کیسز سامنے آئے ہیں اور 2 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔

اس طرح صوبے میں کیسز  کی مجموعی تعداد 1036 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 20 تک جا پہنچی ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں مزید 11 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 280 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں آج بروز بدھ کورونا کے اب تک مزید 104کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2108 ہوگئی جب کہ مزید 2 ہلاکت سے صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی ہے۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق ڈی جی خان میں 220 زائرین، ملتان میں 457 زائرین، فیصل آباد میں 18 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ رائے ونڈ مرکز میں 455، شیخوپورہ 10، منڈی بہاؤالدین 3، سرگودھا 16، وہاڑی 14، راولپنڈی میں 6، جہلم میں 10تبلیغی ارکان میں تصدیق ہوئی۔

اس کے علاوہ ننکانہ میں 2، گجرات 9، رحیم یار خان 15، بھکر 1، خوشاب 4، راجن پور 1، حافظ آباد 31، سیالکوٹ 6، لیہ 17 بہاولنگر میں 8 تبلیغی ارکان میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ عام شہریوں میں سب سے زیادہ کیسز لاہور میں 340 ہیں جب کہ ننکانہ 13، قصور 9، شیخوپورہ 1، راولپنڈی 63، جہلم 30، اٹک 1، گوجرانوالہ 39، سیالکوٹ 19، نارووال 6، گجرات 98، حافظ آباد 6، منڈی بہاؤالدین 15، ملتان 4، وہاڑی 13، فیصل آباد 21، چینیوٹ 8، رحیم یار خان 3، سرگودھا6، میانوالی 10، خوشاب 1، بہاولنگر 9، بہاولپور 3، لودھراں 3، ڈی جی خان 18، لیہ اور اوکاڑہ میں ایک ایک کنفرم مریض ہے۔ 

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 34 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں آج کورونا وائرس کے مزید 27 کیسز رپورٹ ہوئے اور ایک ہلاکت بھی ہوئی جس کی تصدیق وزیر صحت تیمور خان کی جانب سے کی گئی۔

وزیر صحت کے مطابق صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 527 ہوگئی ہے جب کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ورسک سے تعلق رکھنے والا 70 سالہ مریض انتقال کرگیا جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 18 ہوگئی۔

وزیر صحت کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص نے حال ہی میں تبلیغی مرکز کا دورہ کیا تھا۔

وزیر صحت کے مطابق خیبرپختونخوا میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 70افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج بروز بدھ اب تک کورونا کے مزید 8 کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کے صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 212 اور ہلاکتیں 2 ہوگئی ہیں۔

ترجمان  بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کیسز  کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کو علاج کے لیے آئسولیش وارڈز منتقل کیا جائے گا۔

لیاقت شاہوانی کے مطابق بلوچستان میں کورونا سے  صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 76 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں آج  کورونا کے مزید 10کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے۔

وزیر صحت آزاد کشمیر  کے مطابق بھمبر میں 6، میرپور میں 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور ایک ڈاکٹر بھی کورونا سے متاثر ہوا جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 28 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں آج صرف ایک کیس سامنے آیا جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 213 تک جا پہنچی ہے۔

گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 96مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

ٹائم لائن: پاکستان میں کس عمر کے افراد کورونا وائرس کا ہدف؟

اگر پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی سرکاری سطح پر دستیاب تفصیلات کا جائزہ لیں تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ پاکستان میں وائرس کا زیادہ ہدف اب تک مرد بنے ہیں جب کہ عمر کے حساب سے بھی دیکھیں تو اس وائرس سے متاثر ہونے والے زیادہ نوجوان یا ایسے افراد ہیں جن کی عمریں 20 سال سے 40 سال کے درمیان ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

25 اپریل تک تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ: حکومتی رپورٹ

حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی جس میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

14 اپریل تک لاک ڈاؤن جاری

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

مسافر ٹرینیں بند، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال

وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے جو پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا البتہ پی آئی اے کو جزوی طور پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا کے کیس بڑھنے ہی بڑھنے ہیں: وزیر صحت پنجاب

وزیر صحت پنجاب  ڈاکٹر یاسمین راشدکا کہنا کہ حکومت کورونا کی ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافہ کررہی ہے، جو حالات نظر آرہے ہیں اس میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھ رہی ہوں۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

جانیے: کورونا وائرس کوئی بائیولوجیکل ہتھیار ہے یا کسی سازش کا نتیجہ؟

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے سازشی نظریات نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ جیو نیوز نے ان سوالات کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے۔ یہاں کلک کریں۔۔

کورونا وائرس فیس ماسک پرکتنے دن رہ سکتا ہے؟

کورونا وائرس پر کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یہ مہلک وائرس اسٹیل اور پلاسٹ کی تہوں پر چار دن جب کہ فیس ماسک پر ایک ہفتے تک موجود رہ سکتا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار

اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کو جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کی موجودہ صورت حال جنگ عظیم دوئم کے بعد پیدا ہونے والی بدترین صورت حال کا منظر پیش کر رہی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

مزید خبریں :