08 اپریل ، 2020
وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آٹا چینی بحران کے معاملے پر عمران خان اور جہانگیر ترین کے تعلقات میں تھوڑی اونچ نیچ ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے کے تین ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، مغلپورہ ورکشاپ میں کورونا کیس سامنے آنے کے بعد ورکشاپ کو بند کر دیا گیا ہے جہاں 10 ہزار مزدور کام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف مغل پورا لاہور ورکشاپ میں 12 اپریل تک چھٹی دی گئی ہے جب کہ ریلوے کیرج فیکٹری میں 50 سال سے اوپر کے افراد چھٹی لے کر جا سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج لاہور میں کورونا وائرس کا جو کیس نکلا وہ باہر سے آیا تھا، 12اپریل تک تمام ریلوے ورکشاپس کو کورونا فری کر دیں گے۔
ان کا کہنا ہے شکایت ملی ہے کہ لوگ فریٹ ٹرینوں کے ساتھ چڑھ کر آ جاتے ہیں، فریٹ ٹرینوں پر سوار ہو کر آنے والوں کے خلاف ایکشن لیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کو لاک ڈاؤن بندش کے باعث ایک ارب روپے ہفتہ نقصان ہورہا ہے، وزیراعظم عمران خان اور مشیر عبد الحفیظ شیخ کا مشکور ہوں جو نقصان پر ریلوے کو سبسڈی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر روز ہماری 42 مسافر ٹرینیں چلتی ہیں، 14اپریل کو لاک ڈاون ختم ہونے کے امکانات کم ہیں لیکن اگر لاک ڈاون ختم ہوا تو 22 ٹرینیں چلا دیں گے۔
آٹا چینی بحران کے حوالے سے ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ پر شیخ رشید نے کہا کہ میڈیا کورونا وائرس کو چھوڑ کر آٹا چینی بحران کی رپورٹ کے پیچھے پڑ گیا ہے، لیکن میرا نہیں خیال کہ عمران خان اور جہانگیرترین میں فاصلے بڑھ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اور عمران خان کے تعلقات میں تھوڑی بہت اونچ نیچ ہوئی ہے لیکن یہ نہیں کہا جا سکتا کہ جہانگیر ترین اور عمران خان میں ایک دم دوری آ گئی ہے۔