Time 09 اپریل ، 2020
کھیل

شعیب اختر نے کورونا فنڈنگ کیلیے پاک بھارت سیریز کی تجویز دے دی

شعیب اختر نے کورونا فنڈنگ کیلئے پاک بھارت سیریز کی تجویز پیش کردی—فوٹو فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کورونا فنڈ جمع کرنے کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کروانے کی تجویز دی ہے۔

شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل میں ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی 20 یا ایک روزہ میچز کی سیریز ہو جس سے کورونا فنڈ جمع کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ سیریز بغیر شائقین کے ہوگی جس میں کھلاڑیوں اور انتظامیہ سمیت صرف براڈکاسٹنگ یونٹ  موجود ہوگا۔

راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ جانتا ہوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ حالات رہتے ہیں لیکن اس سیریز سے دو فائدے ہوں گے، ایک تو عالمگیر وبا سے لڑنے کے لیے فنڈ جمع کیا جائے گا اور دوسرا دونوں ملکوں کی جانب سے امن کا تاثر دیا جائے، اس میں کوئی برائی نہیں مگر پھر بھی کچھ لوگوں کو یہ آئیڈیا برا لگ رہا ہے۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ سب اس وقت لاک ڈاؤن میں گھروں میں موجود ہیں اور اگر پاک بھارت سیریز اس دوران ہوتی ہے تو لاتعداد شائقین دیکھیں گے جس سے دونوں ممالک کے لیے ہی بہت سارا فنڈ جمع ہوسکتا ہے۔ 

 انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے بجائے سیریز منعقد کرنے کے لیے دبئی بہتر آپشن ہوگا۔

خیال رہے کہ کرکٹ کھلاڑی بھی کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے کوشاں ہیں۔

مگر بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ کو قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شاہد آفریدی کے فاؤنڈیشن کی حمایت کرنے پر بھارتی عوام کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت بھی عالمگیر وبا کورونا کی جکڑ میں ہیں، پاکستان میں اب تک 4 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جب کہ بھارت میں مریضوں کی تعداد 6 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

مزید خبریں :