پاکستان
Time 09 اپریل ، 2020

وزیراعظم احساس پروگرام کے تحت مستحقین میں 12 ہزار روپے نقد رقوم کی تقسیم شروع

وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت مستحقین میں 12 ہزار روپے نقد رقوم کی تقسیم کا سلسہ شروع ہوگیا۔

رقم لینے کیلئے آنے والوں نے بدین اور سجاول میں سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایات نظر انداز کردیں، کہیں کوئی قطار نظر نہ آئی،کیش کاونٹرز پر شدید بے نظمی،ایک ہی وقت میں کئی خواتین جمع ہوگئیں اور حفاظتی اقدامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔

سکھر، فیصل آباد، لودھراں، میانوالی اور پشاور میں بھی مستحقین میں امدادی رقوم کی تقسیم جاری ہے۔

لاہور میں کورونا وائرس کے باعث وزیراعظم عمران خان کے احساس کفالت پروگرام کے تحت مختلف مقامات پر قائم کردہ امدادی کیمپوں سے امدادی رقوم کی ادائیگیوں کا سلسلہ جاری رہا۔

مستحقین کے درمیان امدادی رقوم کی تقسیم کا یہ سلسلہ آئندہ 7 روز تک جاری رہے گا۔ امدادی کیمپوں کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور رینجرز اور پولیس کی نفری تعینات تھی۔

پنجاب میں عارف والہ ، ننکانہ صاحب ، ساہیوال ، قصور ، شیخوپورہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی کیمپس قیام کیے گئے ہیں۔

ضلع عمرکوٹ میں وزیراعظم کے احساس کفالت پروگرام کے 23 میں سے صرف ایک مرکز کھولا گیا جبکہ اس مرکز میں بھی رقوم کی فراہمی کئی گھنٹے تاخیر کے بعد شروع ہوسکی۔

ضلع عمرکوٹ میں احساس پروگرام کے 23 مراکزقائم کرنے کا اعلان کیا گیا لیکن صرف گاؤں کھاراڑو سید کا مرکز کھولا گیا۔

اس مرکز سے بھی کئی گھنٹے تاخیر کے بعد مستحقین کو رقوم کا اجراء شروع کیا گیاجس سے انتظار میں بیٹھی خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈی سی عمرکوٹ ندیم الرحمان کا کہنا ہےکہ آزمائشی بنیاد پر ایک مرکز کھولا گیا تاکہ اگر کوئی ایشوز ہیں تو سامنے آجائیں، انٹرنیٹ میں پرابلم کے باعث بھی تاخیر سے کام شروع ہوا۔

بدین اور سجاول میں حفاظتی اقدامات نظر انداز

احساس پروگرام کے تحت امدادی رقم کی تقسیم کے دوران سندھ کے مختلف شہروں میں شدید بےنظمی دیکھنے میں آئی۔

بدین اور سجاول میں ایک ہی جگہ خواتین کا ہجوم لگ گیا،سماجی فاصلے کی ہدایات کونظر انداز کرکے خواتین کیش کائونٹرز پر جمع ہوگئیں۔

سجاول میں سیکڑوں خواتین کے ہجوم کے باعث کالج کا گیٹ بند کردیا گیا۔

ادھربنوں میں رقم کی ترسیل نہ ہوسکی جبکہ فیصل آباد میں احساس پروگرام کے تحت امدادی رقم کی تقسیم کیلئے 9 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

لودھراں، میانوالی میں احساس پروگرام سینٹر میں آنے والے افراد کو ہاتھ دھونے کے لیے سینی ٹائزر، پانی اور صابن بھی دیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جب تک لاک ڈاؤن کی صورتحال ختم نہیں ہوتی تک تب احساس پروگرام کے تحت مستحق ایک کروڑ 20لاکھ خاندانوں کو پیسےفراہم کیےجائیں گے،17ہزارمقامات سے 12ہزارروپے مستحق افراد میں تقسیم ہونگے اور اس کا آغاز جمعرات سے ہوجائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم 144ارب روپےنچلے طبقے تک تقسیم کردیں گے،احساس پروگرام میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہے، ایس ایم ایس کے ذریعے لوگوں کا ڈیٹا آرہاہے،جن کی جانچ نادراسےکرائی جائیگی۔

مزید خبریں :