Time 09 اپریل ، 2020
پاکستان

وزیر تعلیم خیبر پختونخوا کی اجلاس میں سگریٹ نوشی کی ویڈیو وائرل

 اکبر ایوب نے جیونیوز کو بتایا کہ انہوں نے دوران اجلاس نہیں بلکہ اجلاس کے بعد سگریٹ پی ہے،فوٹو:اسکرین گریب، سوشل میڈیا

خیبر پختونخوا کے وزیر تعیلم اکبر ایوب کی مبینہ طور پر دورانِ اجلاس سگریٹ نوشی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

پشاور میں آج محکمہ تعلیم کا اجلاس صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب کی زیر صدارت ہوا ۔

اجلاس کے دوران نہ صرف کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو مکمل نظر انداز کیا گیا اور سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا گیا بلکہ وزیر تعلیم اجلاس میں کرسی پر بیٹھ کر سگریٹ نوشی بھی کرتے رہے۔

 سگریٹ نوشی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں وزیر تعلیم اکبر ایوب کو اجلاس کے دوران سگریٹ پیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب رابطہ کرنے پر وزیر تعلیم اکبر ایوب نے جیونیوز کو بتایا کہ انہوں نے دوران اجلاس نہیں بلکہ اجلاس کے بعد سگریٹ پی ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی رش اور عوامی مقامات پر تمباکو نوشی پر پابندی ہے۔

 اس سے قبل 2018 میں بھی جب  اکبر ایوب خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات تھے تو ان کی ایک اجلاس کے دوران سگریٹ نوشی کرتے ہوئے تصویر سامنے آئی تھی جس پر کڑی تنقید کی گئی تھی۔

مزید خبریں :