09 اپریل ، 2020
پاکستان نے افغان حکومت سے داعش خراسان گروپ کے گرفتار سربراہ اسلم فاروقی کی حوالگی کا مطالبہ کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں تعینات افغانستان کے سفیر کو دفترخارجہ طلب کیا گیا اور داعش خراسان گروپ کے اسلم فاروقی کی گرفتاری پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیاگیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو داعش خراسان گروپ کی سرگرمیوں پر تشویش ہے اور یہ گروپ پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں بھی ملوث ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اس حوالے سے بارہا افغان حکومت کو آگاہ کرتا رہا ہے۔
خیال رہے کہ 5 اپریل کو افغانستان میں افغان فورسز نے ایک آپریشن کے دوران داعش خراسان گروپ کے سربراہ عبداللہ اورکزئی عرف اسلم فاروقی کو 19دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار کیا تھا۔