10 اپریل ، 2020
چینی بحران سے متعلق ایف آئی اے کی انکوائری رپورٹ کے بعد مشیر وزیراعظم کے عہدے سے ہٹائے جانے والے شہزاد ارباب کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصارعباسی کی رپورٹ میں ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وہ اس بار شہزاد ارباب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی کے طور پر خدمات انجام دیں گے ۔
انصارعباسی کی رپورٹ میں ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شہزاد ارباب کو جہانگیر ترین کے ساتھ قریبی وابستگی کی وجہ سے یا چینی بحران کی وجہ سے نہیں ہٹایا گیا تھا بلکہ اس وجہ یہ ہے کہ وزیراعظم بابر اعوان کو ایڈجسٹ کرنا چاہتے تھے۔
ذرائع کے مطابق شہزاد ارباب کو اب وزیراعظم کے معاون خصوصی کی حیثیت سے واپس لایا جا رہا ہے اور انہیں وفاقی وزیر کا درجہ ملے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھی نے دی نیوز کو بتایا تھا کہ شہزاد ارباب کو جہانگیر ترین کے ساتھ قریبی تعلقات کی وجہ سے ہٹا دیا گیا تھا ۔
شہزاد ارباب کابینہ کے واحد رکن تھے جنہیں چینی بحران سے متعلق ایف آئی اے کی رپورٹ کے بعد کابینہ سے نکالا گیا جب کہ باقی افراد کے قلمدان تبدیل کئے گئےتھے۔
ایف آئی اے کی انکوائری رپورٹ میں براہ راست یا بالواسطہ نامزد افراد میں مشیر صنعت و تجارت رزاق داؤد، وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی خسرو بختیار اور جہانگیر ترین شامل تھے۔