پاکستان
Time 10 اپریل ، 2020

ملتان: احساس کفالت کے تحت رقم تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے خاتون جاں بحق

فوٹو فائل—

ملتان میں احساس کفالت پروگرام کے تحت رقم کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے خاتون جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہو گئے۔

گزشتہ روز سے ملک بھر میں احساس پروگرام کے تحت مستحقین میں 12 ہزار روپے نقد رقوم کی تقسیم کا سلسہ شروع ہوگیا ہے لیکن رقوم کی تقسیم کے دوران بدنظمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

ریسکیو 1122 ترجمان کے مطابق ملتان میں گورنمنٹ ایم اے جناح ہائی اسکول اور سینٹرل جیل کے قریب مستحق خواتین میں رقم کی تقسیم کے لیے سینٹر بنایا گیا تھا جسے بدانتظامی کے بعد بند کر دیا گیا تھا اور  تمام خواتین کو گورنمنٹ ایم اے جناح ہائی اسکول کے سینٹر بھیج دیا گیا جہاں 4 ہزار سے زائد خواتین جمع ہو گئیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اسکول کے سینٹر میں بھگدڑ مچنے سے ایک 70 سالہ خاتون جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئیں۔ 

اس ضمن میں اسٹینٹ کمشنر ملتان عابدہ فرید کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے، دو دن میں رپورٹ منظر عام پر لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مرنے والی خاتون کی عمر 70 سال تھی اور ایسا لگتا ہے کہ وہ دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوئی ہے۔

مزید خبریں :