Time 10 اپریل ، 2020
دنیا

فرانس: کورونا کے مریض ملیریا کی دوا تجویز نہ کرنے پر ڈاکٹرز کو دھمکیاں دینے لگے

ملیریا کی دواؤں ہائیڈروکسی کلوروکوئین اور کلوروکوئین سے کورونا کا علاج فرانس میں سیاسی شکل اختیار کر گیا۔

فرانسیسی ڈاکٹرز پر ملیریا کی دوا تجویز کرنے کا دباؤ بڑھنے لگا، تجویز نہ کرنے پر مریض ڈاکٹرز کو دھمکیاں دینے لگے۔

59 فیصد فرانسیسی کورونا کیلئے ملیریا کی دوا کے استعمال کے حامی ہیں جبکہ ماہرین ملیریا کی دوا کے کورونا کیخلاف آزادانہ استعمال کے بدستور خلاف ہیں۔

گزشتہ دنوں فرانس میں ڈاکٹروں کے ایک گروپ نے کورونا وائرس کے زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ملیریا سے بچاؤ کی دوا 'کلوروکوئین' تجویز کرنے پر زور دیا تھا جس کیلئے فرانسیسی ڈاکٹرز نے ایک آن لائن پیٹیشن بھی شروع کی ہے۔

اس حوالے سے چار لاکھ 60 ہزار افراد دوا کے حق میں آن لائن دستخط کرچکے ہیں۔

فرانسیسی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے شکار مریضوں کو ابتداء میں ملیریا سے بچاؤ کی دوا دینے سے اس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے۔

آن لائن پیٹیشن شروع کرنے والے ڈاکٹروں کے گروپ میں فرانس کے سابق وزیر صحت فلپ ڈاؤسٹے بلازی بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ فرانس نے کووڈ 19 کے صرف سنگین کیسز میں کلوروکوئین تجویز کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔

اس کے علاوہ کورونا کے مریضوں کو ملیریا سے بچاؤ کی دوا دینے پر دنیا بھر کے طبی ماہرین بھی متفق نہیں ہیں اور اس حوالے سے متضاد آراء سامنے آرہی ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے مخصوص کورونا مریضوں کی جان بچانے کے لیے ہائیڈروکسی کلوروکوئین سلفیٹ اور کلوروکوئین فاسفیٹ پراڈکٹس کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی ہے۔

ایف ڈی اے نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلوروکوئین اورہائیڈروکسی کلوروکوئین کورونا کے ہر مریض کے استعمال کے لیے ہرگز نہیں ہے اور یہ دوا صرف ان مریضوں کے لیے ہے جن کی جان کو سنگین خطرات لاحق ہوں۔

پاکستان میں بھی انسداد ملیریا کی دوا کورونا کے مریضوں کے علاج میں استعمال کرنے کی اجازت دی جاچکی ہے اور اس کی برآمد پر پابندی بھی عائد کردی گئی ہے۔

مزید خبریں :