10 اپریل ، 2020
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ایشیا کپ کا انعقاد غیر یقینی ہے۔
اپنے بیان میں چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ایشیا کپ کے مستقبل سےمتعلق ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، ہوسکتا ہے ایک ماہ میں صورتحال واضح ہو جائے۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ 2020 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور کورونا وائرس کی وجہ سے ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس نہ ہونے پر ٹورنامنٹ کے وینیو کا حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔
خیال رہے کہ شیڈول کے تحت ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2020 کا انعقاد پاکستان میں ہونا ہے۔
ایشیا کپ ستمبر میں منعقد ہو گا اور اس بار ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔
مئی 2019 میں اے سی سی کے سنگاپور میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پاکستان 2020 میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔
تاہم بھارت کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کی وجہ سے معاملہ دوبارہ اے سی سی کے پاس جائے گا اور ممکن ہے کہ ایونٹ کا انعقاد نیوٹرل وینیو پر ہو۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت ، بنگلا دیش، سری لنکا اور افغانستان سمیت ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں اور ایک ٹورنامنٹ 50 اوور اور اگلا 20 اوورز کے فارمیٹ کے تحت کھیلا جاتا ہے۔
آخری ایشیا کپ یو اے ای میں ستمبر 2018 میں 50 اوورز کے فارمیٹ تحت کھیلا گیا تھا۔ یہ ٹورنامنٹ پہلے بھارت میں ہونا تھا تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزہ دینے سے انکار کے بعد بی سی سی آئی نے ایشیا کپ کی میزبانی سے انکار کردیا تھا۔
جس کے بعد ایشیا کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات کو دے دی گئی تھی۔