پاکستان
Time 11 اپریل ، 2020

24 کورونا کیسز کے بعد کراچی کے دو علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کے احکامات

محکمہ صحت کی جانب سے علاقے کے 24 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد احکامات جاری کیے گئے: ڈپٹی کشمنر ملیر— فوٹو:فائل  

کراچی کے علاقے ملیر کے ڈپٹی کمشنر  (ڈی سی) نے گلستان سوسائٹی اور چراغ کالونی میں مزید کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق کے بعد مکمل لاک ڈاؤن کے احکامات جاری کردیے۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سےجاری اعلامیے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل لاک ڈاؤن پر عمل کرانے کا کہا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق گلستان سوسائٹی اور چراغ کالونی میں 24 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے اور محکمہ صحت کی رپورٹ کے بعد دونوں علاقوں میں لاک ڈاؤن کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

ڈپٹی کشمنر ملیرنے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کو علاقے میں جراثیم کش اسپرے کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ لانڈھی کے علاقے گلستان سوسائٹی میں چند روز قبل ایک ہی خاندان کے 9 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد پوری گلی کو سیل کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث 71 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 4700 سے تجاوز کرگئی ہے۔

مزید خبریں :