دنیا
Time 11 اپریل ، 2020

24 گھنٹوں میں بھارت میں کورونا سے 40، سعودی عرب میں 5 افراد ہلاک

بھارت کا گنجان آبادی والا اور صنعتی مرکز ممبئی کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے،فوٹو:فائل

بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 40 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد 249 ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک ہی روز میں کوروناوائرس کے ایک ہزار 35 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 7 ہزار 997 ہوگئی ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 40 ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد بھارتی حکومت لاک ڈاؤن میں اضافے پر غور کررہی ہے اور اس سلسلے میں ایک دو روز میں اعلان متوقع ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں 25 مارچ سے 3 ہفتوں کا لاک ڈاؤن کیا گیا تھا ہے جو کہ 14 اپریل کو ختم ہو رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھارت کا گنجان آباد اور صنعتی مرکز ممبئی کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔

ممبئی میں 189 مزید کیس اور 11 نئی ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کے بعد وہاں کُل ہلاکتوں کی تعداد 75 ہوچکی ہے جو کہ بھارت میں سب سے زیادہ ہے۔

سعودی عرب میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد52 ہوگئی

سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 382 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 33 جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 52 ہوچکی ہے۔

سعودی وزیر صحت نے خبردار کیا ہے کہ سعودی مملکت میں کورونا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

وزیر صحت کا کہنا ہے کہ  وبا پھیلنے کی بڑی وجہ لوگوں کا حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنا ہے اور اگر اب بھی سعودی شہریوں نے حکومتی ہدایات پر عمل نہ کیا تو حالات محکمہ صحت کے قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔

سعودی شاہی خاندان کے درجنوں افراد کورونا وائرس میں مبتلا

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی شاہی خاندان کے اراکین سمیت 150 افراد حالیہ ہفتے میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ریاض کے 70 سالہ گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز وائرس کے باعث انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں زیر علاج ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 17 لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے ایک لاکھ 4 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :