12 اپریل ، 2020
عالمگیر وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہم سب اپنے گھروں میں محصور ہیں اور اسی لیے بہت سے لوگ سستی کا بھی شکار ہیں۔
کورونا سے بچنے کے لیے مضبوط قوت مدافعت بہت ضروری ہے لیکن ہم نہ ہی گھر میں روزانہ ورزش کر رہے ہیں اور نہ ہی ہمارا طرزِ زندگی ایسا ہے کہ جس سے ہمارے مدافعتی نظام مضبوط رہے اور ہم بیماریوں سے دور رہیں۔
قوت مدافعت کو مضبوط بنانے کے لیے ماہرین صحت کی جانب سے بے شمار غذائیں بتائی گئیں ہیں جس میں اسٹرابیری، دہی اور لیموں بھی شامل ہے ۔
دوسری جانب ماہرین کی جانب سے وٹامن سی سے بھرپور غذااور وٹامن ڈی کے سپلمنٹس کا استعمال کرنے کی بھی تجویز دی جا رہی ہے۔
لیکن آج ہم آپ کو قدرتی اجزاء سے بنے ایک ایسے آسان قہوے کی ترکیب بتاتے ہیں جو کہ آپ با آسانی گھر میں بنا کر پی سکتے ہیں اور اس سے آپ کا مدافعتی نظام بھی مضبوط ہوگا۔
1 لیٹر پانی
1 بڑا چمچ کچی ہلدی
1 ٹکڑا ادرک
7 سے 8 تلسی کے پتے
1 ٹکڑا دار چینی
کالی مرچ
3 سے 4 الائچی
شہد حسب ذائقہ
1۔ سب سے پہلے ایک پتیلے میں پانی لیجیے اور اسے چولہے پر چڑھا دیجیے، اب اس میں کچی ہلدی، ادرک، تلسی کے پتے، دارچینی، اور الائچی شامل کر لیجیے۔
2۔ اس آمیزے کو اچھی طرح ابال لیجیے کہ 7 سے 8 مرتبہ ابال آجائے۔
3۔ ابال آنے کے بعد اسے اچھے سے چھان لیجیے اور اسے آپ فرج میں بھی رکھ سکتے ہیں۔
4۔ اس قہوے کو آپ کو جب بھی پینا ہے تو اسے ہلکا گرم کرکے ایک چٹکی کالی مرچ اور شہد ڈال کر پی لیجیے۔