12 اپریل ، 2020
عالمی بینک نےکورونا وائرس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کی معیشت میں تنزلی کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کی رفتار اندازوں سے 4 فیصد کم رہے گی۔
عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاک ڈوان کے باعث جنوبی ایشیاء میں معیشت کا پہیہ رک گیا ہے اور وہاں 8 ممالک میں کاروبار معطل ہے۔
رپورٹ کے مطابق کورونا سے پہلے رواں سال جنوبی ایشیا کی معیشت میں ترقی کی رفتار 6.3 فیصد ہونے کا اندازہ تھا جو کہ 4 فیصد کمی سے 1.8 سے 2.8 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بیان کیا گیا کہ جنوبی ایشیا کی معیشت40 سال میں پہلی بار اس رفتار سے تنزلی کا شکار ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق اگلے سال یعنی 2021 میں جنوبی ایشیاء میں معیشت کی رفتار کچھ بہتر ہو کر 3.1 سے 4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیائی ملکوں کو صحت عامہ اور غربت سے لڑنے کے لیے پہلے سے زیادہ تیزی سے کام کرنا ہوگا اور روزانہ کی اجرت والوں اور غریب طبقے کی مدد کرنا ہوگی۔