Time 04 مارچ ، 2020
دنیا

عالمی بینک کا کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 12 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کا اعلان

—فوٹو فائل

عالمی بینک نے مہلک وائرس کورونا سے نمٹنے کے لیے 12 ارب امریکی ڈالر کے پیکیج کا اعلان کردیا۔

عالمی بینک کے اعلامیے کے مطابق  کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے  ترقی پذیر ممالک کو 12 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی جائے گی۔

برطانوی نشریاتی ادار ے بی بی سی کے مطابق عالمی بینک کے سربراہ ڈیوڈمیلپاس کا کہنا ہے کہ ہنگامی امدادی پیکیج میں کم شرح سود کا قرض، امداد اور تکنیکی معاونت شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ  امداد کی تقسیم کے دوران انتہائی غریب ترین اور انتہائی خطرے سے دوچار ممالک کو ترجیح دی جائے گی تاکہ وائرس کے اثرات سے نمٹا جاسکے۔

عالمی بینک کے سربراہ نے مزید کہا کہ  12 ارب ڈالر صحت سے متعلق آلات کی خریداری اور دیگر اقدامات کے لیے ہوں گے۔

اس کے علاوہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر حفاظتی آلات کی قلت سے خبردار کیا ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے کمپنیوں اور حکومتوں سے وائرس کی جانچ کرنے والے آلات میں 40 فیصد تک اضافے کی اپیل کی ہے۔

خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے اب تک چین سمیت دیگر ممالک میں 3 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 90 ہزار سے زائد اس وائرس میں مبتلا ہیں تاہم 50 ہزار سے زائد متاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :