13 اپریل ، 2020
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جب کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے کی جانب سے بھی سخت رویہ اختیار کیا جا رہا ہے۔
بھارت میں لاک ڈاؤن کے بعد انوکھے ہی واقعات دیکھنے کو مل رہے ہیں، کہیں لاک ڈاؤن کے دوران پیدا ہونے والے جڑواں بچوں کا کورونا اور کووڈ رکھ دیا گیا تو کہیں پولیس آگاہی کے لیے کورونا ہیلمٹ کا استعمال کر رہی ہے۔
دنیا بھر کی طرح بھارت میں بھی کورونا کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن ہے اور وہاں بھی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹ رہے ہیں۔
بھارتی میدؕیا کے مطابق بھارت 5 غیر ملکی سیاحوں نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی جس پر پولیس نے سزا کے طور پر ان سے 500 مرتبہ 'سوری' لکھوایا۔
بھارتی پولیس کے مطابق انہوں نے اسرائیل، آسٹریلیا، آسٹریا اور میکسیکو سے آنے والے سیاحوں کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پکڑا کیونکہ لاک ڈاؤن کے باوجود بھی یہ لوگ سیر سپاٹے کے لیے باہر نکلے ہوئے تھے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ان سیاحوں کو سزا کے طور پر 500 مرتبہ یہ جملہ لکھنے کو کہا گیا 'میں نے لاک ڈاؤن کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے جس پر میں معافی مانگتا ہوں'۔
خیال رہے کہ بھارت میں اس وقت 700 سے زائد امریکی، آسٹریلوی، میکسیکن اور اسرائیلی سیاح موجود ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں مارچ کے آخر میں کرفیو لگایا تھا جس میں شہریوں کو صرف بنیادی اشیاء اور میڈیکل اسٹور تک جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد300 سے زائد ہے۔