05 اپریل ، 2020
چین سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 64 ہزار 700 سے زائد لوگ جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی 12 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
کورونا وائرس سے آگاہی متعلق دنیا بھر میں جہاں بہترین اقدامات کیے جا رہے ہیں تو وہیں کورونا وائرس سے متعلق انوکھے اور عجیب و غریب اقدامات بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
بھارتی میڈیاکے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران چند روز قبل ریاست چھتیس گڑھ میں پریتی اور وینے کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی۔
جڑواں بچے ریاستی دارالحکومت رائے پور کے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر میموریل اسپتال میں پیدا ہوئے۔
بچوں کے والدین نے کہا کہ ہم نے ان مشکل ترین حالات میں اس دن کو یادگار بنانے کے لیے اپنے بچوں کا نام "کووڈ" اور "کورونا" رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس جان لیوا اور خطرناک ہے لیکن اس وبا نے ہمیں صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کرنا سکھایا ہے۔
بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ہزار 374 تک جا پہنچی ہے جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 77 ہوگئی ہے۔