13 اپریل ، 2020
عالمی بینک نے پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے ایک ارب ڈالرز فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
عالمی بینک کے مطابق ایک ارب ڈالرز فراہم کرنے کے لیے کام کرنا شروع کر دیا ہے اور یہ رقم صحت، ماحولیات اور فوڈ سیکیورٹی کے شعبے میں خرچ کی جائے گی۔
عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے 20 کروڑ ڈالر کی پہلے ہی منظوری دی جا چکی ہے جس میں سے 15 کروڑ ڈالرز میڈیکل آلات خریدنے کے لیے استعمال کیے جائیں گے جبکہ 5 کروڑ ڈالر احساس پروگرام کے تحت غریب خاندانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ورلڈ بینک نے پاکستان کے بارے میں رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ رواں سال پاکستان کی مجموعی پیداوار میں ترقی کی شرح منفی رہے گی تاہم 2021 میں اس میں واپس بہتری آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک میں لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث معاشی سرگرمیاں بھی مانند پڑگئی ہیں۔