Time 13 اپریل ، 2020
پاکستان

بدین : احساس کفالت سینٹر میں خاتون نے بچے کو جنم دے دیا

 خاتون نے بچے کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بیٹے کی پیدائش پر بہت خوش ہے،فوٹو:فائل

بدین میں احساس کفالت سینٹر پر رقم لینے آئی خاتون نے بچے کو جنم دے دیا، بعدازاں زچہ و بچہ کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق خاتون گولارچی کے مونو ٹیکنیکل سینٹر میں واقع احساس کفالت پروگرام سینٹر میں رقم لینے آئی تھی۔

اس دوران خاتون کی طبیعت خراب ہوگئی اور اس نے سینٹر پر ہی بیٹے کو جنم دیا،بچے کی پیدائش کے بعد ماں اور اس کے نومولود بیٹے کو تعلقہ اسپتال گولارچی منتقل کردیا گیا۔

 خاتون نے بچے کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  وہ بیٹے کی پیدائش پر بہت خوش ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 31 جنوری کو  ’احساس کفالت پروگرام‘ کا افتتاح کیا تھا جس کے تحت 70 لاکھ غریب اور مستحق خواتین کو 2 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جارہا ہے۔

بعد ازاں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے احساس پروگرام کے تحت  ایک کروڑ 20لاکھ مستحق خاندانوں کو ایمرجنسی کیش فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا جس کے تحت 17 ہزار مقامات سے 12ہزار روپے مستحق افراد میں تقسیم کیے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :