دنیا
Time 13 اپریل ، 2020

تاریخی معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

تیل پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے پیداوار میں تاریخی کمی کے معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 6 فیصد تک اضافہ ہو گیا۔

سعودی عرب اور روس میں تیل کی قیمتوں پر جاری سرد جنگ کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں تاریخی کمی دیکھنے میں آئی تھی جب کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تیل کی طلب میں کمی نے اسے مزید کم کیا۔

تاہم، اب امریکا کی کوششوں کے بعد تیل پیدا کرنے والے ممالک نے تاریخی معاہدے میں اپنی پیداوار میں 10 کمی کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

معاہدے کے بعد عالمی منڈی مییں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 3.9 فیصد اضافے کے بعد 32.71 ڈالرز فی بیرل ہوگئی جب کہ یوس ایس گریڈ کی قیمت 6.1 فیصد اضافے سے 24.15 ڈالرز فی بیرل پر پہنچ گئی۔

یاد رہے کہ برینٹ کروڈ آئل کی قیمت حالیہ بحران کے دوران 22.58 ڈالرز فی بیرل تک گر گئی تھی جو کہ گزشتہ 18سال میں تیل کی کم ترین عالمی قیمت تھی۔

تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ سعودیہ اور روس کی جانب سے تیل کی زیادہ پیدوار اور قیمتوں  کی جنگ تھی جب کہ بعد میں کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں فیکٹریاں اور ائیرلائن صنعت بند ہونے اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک میں کمی نے اسے مزید متاثر کیا۔

گزشتہ رات تیل پیدا کرنے والے 23 ممالک نے ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تیل کی پیدوار میں 9.7 ملین بیرل یومیہ کمی کے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس معاہدے پر امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان اور روسی صدر ولادی میرپیوٹن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید خبریں :