18 مارچ ، 2020
کورونا وائرس نے دیگر صنعتوں کے ساتھ تیل کی صنعت کو بھی شدید متاثر کیا ہے اور مانگ میں کمی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 15 فیصد کمی آئی ہے۔
کورونا وائرس دنیا کے 166 سے زائد ملکوں میں پھیل کر دنیا بھر کی معیشت کو شدید متاثر کررہا ہے جس کے باعث خام تیل کی قیمتیں بھی تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمتیں 18 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں اور اس کی فی بیرل قیمت15 فیصد کمی کے بعد 22.90 ڈالر ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل 2016 کے بعد کم ترین سطح پر آگیا ہے،برینٹ کروڈ آئل کی قیمت9 فیصد کمی کے ساتھ 26 ڈالر فی بیرل کی سطح پر موجود ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب تیل پیدا کرنے والے اہم ملک روس نے سعودی عرب کی قیادت میں تیل پیدا کرنے والے 14 ممالک کی تنظیم اوپیک کا مطالبہ منظور کرنے سے انکار کردیا۔
اوپیک کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کی صنعتیں متاثر ہوئی ہیں، خاص طور پر سیاحت اور ائیر لائنز کا شعبہ شدید متاثر ہوا ہے جس کے باعث تیل کی مانگ میں بھی کمی آئی ہے۔
سعودی عرب چاہتا تھا کہ اوپیک سمیت روس جو کہ اوپیک کا رکن نہیں ہے ، تیل کی پیداوار میں کمی کردے تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں برقرار رکھی جاسکیں تاہم روس کے انکار کے بعد اوپیک ممالک نے بھی خام تیل کی پیداوار میں کمی سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث2 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جب کہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 8ہزار 885 ہوچکی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث چین کے بعد اٹلی، اسپین ،فرانس اور ملائیشیا میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے جب کہ متعدد ممالک نے بیرون ملک سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔