Time 14 اپریل ، 2020
پاکستان

ملک میں کورونا سے ہلاکتیں 107 ہوگئیں، مجموعی کیسز 5996 تک جا پہنچے

پاکستان میں منگل کورونا وائرس سے مزید 11  ہلاکتوں کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 107ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5984 تک پہنچ گئی۔

ملک میں ہونے والی 107 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبر پختونخوا میں 38، سندھ میں  35، پنجاب میں 28 ، بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

منگل کے کیسز کی صورتحال

بروز منگل ملک میں کورونا کے مزید  441 کیسز سامنے آئے اور 11 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔

سندھ میں 66 کیسز 4 ہلاکتیں، پنجاب سے 289 کیسز 4 اموات، خیبر پختونخوا میں 65 کیسز اور 3 ہلاکتیں، بلوچستان سے 17 ، آزاد کشمیر سے 3 اور گلگت بلتستان سے ایک کیس رپورٹ ہوا۔

سندھ

سندھ میں بروز منگل کورونا وائرس کے مزید 66 کیسز سامنے آئے اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی۔

صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد  کیسز کی مجموعی تعداد 1518 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 35 ہوگئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کےمطابق آج مزید 8 افراد صحتیاب ہوکر گھروں پر چلے گئے جس کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 427 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں منگل کو کورونا کےمزید 289 کیسز اور 4 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 2945 ہوگئی ہے جب کہ 28 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مطابق صوبے میں 701 زائرین، رائے ونڈ قرنطینہ میں 1055 تبلیغی ارکان، 1100 عام شہری  اور 89 قیدی کورونا میں مبتلا ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں منگل کو کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 43 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں منگل کو 17 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 248 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق وائرس کے شکار مریضوں میں 18 ڈاکٹرز اور 3 پیرامیڈکس بھی شامل ہیں۔

محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ بلوچستان میں کورونا کے 124مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ صوبے اب تک کورونا سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں منگل کو  65 نئے کیسز اور تین اموات سامنے آئیں جس کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 38 ہوگئی جب کیسز کی مجموعی تعداد 865 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ صوبے میں مزید 25 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد مہلک وائرس سے جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 178  ہوچکی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں پیر کو کورونا کے مزید 12 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 131 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں منگل کو کورونا کا ایک کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 234 ہو گئی۔

گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 175 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

دنیا میں کیسز کی صورتحال

کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستانی سائنسدانوں کی اہم کامیابی

ڈاؤیونیورسٹی کے ماہرین نے کورونا کے علاج میں بڑی کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان ڈاؤ یونیورسٹی کے مطابق انٹرا وینیس امیونوگلوبیولن ویکسین کوروناکے خلاف جنگ میں اہم پیشرفت ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا وائرس کے دماغی صحت پر اثرات کتنے عرصے تک رہیں گے؟

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جب سے متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن لگایا ہے اس وقت سے ہی زیادہ تر لوگ کہیں نہ کہیں ڈپریشن اور بے چینی کا شکار ہیں۔

اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ سیلف آئسولیشن میں موجود افراد میں کورونا وائرس کے دماغی صحت پر اثرات لمبے عرصے تک بھی رہ سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

جانیے: کورونا وائرس کوئی بائیولوجیکل ہتھیار ہے یا کسی سازش کا نتیجہ؟

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے سازشی نظریات نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ جیو نیوز نے ان سوالات کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے۔ یہاں کلک کریں۔۔

وفاقی حکومت کا لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں پہلے 14 اپریل تک توسیع کی گئی تھی لیکن اب حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید دو ہفتے توسیع کا اعلان کردیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

سرحدیں مزید 2 ہفتے بند رکھنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ مزید پڑھیں۔۔

ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع

حکومت نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

25 اپریل تک تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ

حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی جس میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

مزید خبریں :