پاکستان
Time 14 اپریل ، 2020

شہباز گل نامی مہمان اداکار وفاق اور صوبوں میں دوریاں پیدا کررہا ہے: مرتضیٰ وہاب

شہباز گل کی زبان کی وجہ سے ہی ان کو وزیراعلیٰ پنجاب نے عہدے سے ہٹایا تھا، ترجمان سندھ حکومت کا ردعمل— فوٹو:فائل 

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہباز گل نامی شخص کا کوئی سیاسی بیک گراؤنڈ نہیں، یہ مہمان اداکار وفاق اور صوبوں میں دوریاں پیدا کررہا ہے۔

اپنے بیان میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہباز گل صاحب وزیراعلیٰ سندھ کے فوبیا سے باہر نکلیں، اپنی حیثیت سے ناواقف شخص تنقید کرکے اپنا قد بڑھارہا ہے، شہباز گل کی مجبوری ہے کہ وہ اپنی صفوں میں لوگوں سے نبردآزما ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے بے دخلی سے بچنے کا واحد جواز پی پی پر تنقید ہے، شہباز گل کی زبان کی وجہ سے ہی ان کو وزیراعلیٰ پنجاب نے عہدے سے ہٹایا تھا۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے حملے سے لیکر آج دن تک جناب نے دھیلے کا کام نہیں کیا، موصوف نے خوف کے مارے ازخود ٹھنڈے کمرے میں خود کو قرنطینہ کرلیا لہٰذا بہتر ہے جو توانائی بچی ہے، اسے عوام کی خدمت میں صرف کریں۔

 وزیراعلیٰ سندھ نے ہر چیز پر سیاست کرنے کی کوشش کی: شہباز گل

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا بیان میں کہنا ہے کہ سندھ میں صرف ٹی وی کی حد تک لاک ڈاؤن کیا گیا جس کا نتیجہ صفر آیا تو اب وفاقی حکومت پر ذمہ داری ڈالنے کی تیاری ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت کے ہر فیصلے پرعمل کریں گے لیکن وزیراعلیٰ سندھ نے ہر چیز پر سیاست کرنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا ہے کہ پورا مہینہ وزیراعلیٰ نے سیاست کی، سیاسی فیصلے کیے اور بیان بازی کرتے رہے۔

مزید خبریں :