پاکستان
Time 14 اپریل ، 2020

تراویح، اعتکاف اور نماز جمعہ سے متعلق فیصلہ 18 اپریل کو ہوگا: وزیر مذہبی امور

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ تراویح، اعتکاف اور نماز جمعہ سے متعلق فیصلہ 18 اپریل کو ہوگا لہٰذا انفرادی اور مقامی فیصلوں سے اجتناب کرکے اتحاد کی فضا کو فروغ دیا جائے۔

اپنے بیان میں نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ تراویح، اعتکاف اور نماز جمعہ سے متعلق پورے ملک کےلیے متفقہ فیصلہ ہوگا اور اس حوالے سے فیصلہ 18 اپریل کو علمائے  کرام کے ساتھ مشاورت اور مفاہمت سے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انفرادی اور مقامی فیصلوں سے اجتناب کرکے اتحاد کی فضا کو فروغ دیا جائے، حکومت کورونا سے محفوظ اور عبادات سے بھر پور رمضان کے لیے اقدامات کرے گی۔

18 اپریل کے اجلاس کے حوالے سے  وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ویڈیو لنک اجلاس صدر مملکت عارف علوی کی زیر صدارت ہوگا جس میں گورنرز اور صدر آزاد کشمیر بھی موجود ہوں گے جبکہ وزیر مذہبی امور، وزیر داخلہ اعجاز شاہ، ظفر مرزا اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ان کی معاونت کریں گے۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کی ہے تاہم علمائے کرام نے اعلان کیا ہے کہ مساجد میں لاک ڈاؤن نہیں ہوگا، نماز تراویح و اعتکاف جاری رہے گا۔

مزید خبریں :