14 اپریل ، 2020
وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ تاجروں کو کل دکانیں کھولنے نہیں دیں گے، حکومت کی لگائی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی پر ایکشن لیا جائے گا۔
ایک بیان میں صوبائی وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ مارکیٹیں اور بازار کھولنے کی اجازت تو وفاق نے بھی نہیں دی، لاک ڈاؤن کے حوالے سے ہم نے ایس او پیز تیار کی ہیں،جلد نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ چھوٹے تاجروں کو ٹیکس میں رعایتیں دی جائیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں احتیاط سب پر لازم ہے،سب کو مل کر کورونا سے خود کو اور لوگوں کو بچانا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ میں 23 مارچ سے مسلسل جزوی لاک ڈاؤن ہے اور اب وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب کراچی سمیت ملک کی مختلف تاجر تنظیموں نے کل سے کاروبار کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین سندھ تاجر اتحاد جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ 28 دن سے کراچی بند ہے اور لوگ سسک رہے ہیں، کراچی سے کشمور تک کا تاجر بدحال ہوچکا ہے، چھوٹے تاجر اوران کے ملازم فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔
جمیل پراچہ نے کہا کہ لاکھوں ملازمین کو ایک ماہ کی بمشکل تنخواہیں ادا کی ہیں، کل سے تمام حفاظتی انتظامات کےساتھ دکانیں کھول دیں گے۔
کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما رضوان عرفان نے بھی کل سے کاروبار کھولنے کا اعلان کیا تھا تاہم اب ان کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کی درخواست پر مارکیٹیں کھولنے کا فیصلہ 2 دن تک مؤخر کر دیا ہے۔
کراچی کے علاوہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی تاجروں نے کل سے کاروبار کھولنے کا اعلان کیا ہے۔