پاکستان
Time 14 اپریل ، 2020

کورونا سے متاثرہ افراد کو مقبوضہ کشمیر بھیجنے کے بھارتی الزامات گمراہ کن ہیں، پاک فوج

ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے پاکستان کی جانب سے دراندازی اور  کورونا سے متاثرہ افراد کو مقبوضہ کشمیر  بھیجنے کے  بھارتی الزامات کو  گمراہ کن اور انتہائی بے بنیاد قرار دیا ہے۔

ڈائریکٹرجنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارت کے 15 کور کے کمانڈر کی جانب سے برطانوی میڈیا کو دیا گیا انٹرویو حقائق کے منافی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے ایسے الزامات کا مقصد 5 اگست 2019 کے واقعات سے اندرونی و بین الاقوامی توجہ ہٹانا ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو مقبوضہ کشمیر بھیجنے کے بھارتی الزامات مبالغہ آرائی سے زیادہ کچھ نہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے مقامات تک بلا رکاوٹ رسائی دی ہے اور  ہم  شفاف انداز میں ایسا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی قیادت کو مشورہ ہے کہ وہ اپنے اندرونی مسائل پر توجہ دے جو کہ نہ صرف کورونا وائرس کی صورتحال کو غلط طریقے سے قابو کرنے سے پیدا ہوئے ہیں بلکہ  برسوں سے مقبوضہ کشمیر میں جاری  المیے کی وجہ سے بھی سامنے آرہے ہیں۔

مزید خبریں :