29 اگست ، 2012
کراچی … انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جیو نیوز کے نمائندے ولی خان بابر شہیدقتل کیس کی سماعت 11ستمبر تک ملتوی کردی ، سر بمہر ریکارڈ سے اہم دستاویز غائب ہونے کے باعث جوڈیشل مجسٹریٹ کا بطور گواہ بیان ریکارڈ نہ ہوسکا۔ جیو نیوز کے نمائندے ولی خان بابر شہید قتل کیس کی سماعت سینٹرل جیل میں ہوئی۔ ملزمان شاہ رخ، فیصل محمود عرف نفسیاتی، سید محمد علی رضوی، نوید پولکا اور شکیل ملک کی پیروی سلمان مجاہد ایڈووکیٹ نے کی۔ ذرائع کے مطابق دوران سماعت ملزمان کی شناختی پریڈ اور اعترافی بیان ریکارڈ کر نے والے جوڈیشل مجسٹریٹ ساوٴتھ نصر اللہ کورائی کا بیان شناختی پریڈ سے متعلق تفتیشی افسر کی درخواست اور مجسٹریٹ کے حکم پر مبنی دستاویز سر بمہر ریکارڈ سے غائب ہونے کے باعث ریکارڈ نہ ہوسکا، جبکہ تفتیشی افسر بھی عدالت میں حاضر نہ ہوئے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج غلام مصطفی میمن نے سماعت 11ستمبر تک ملتوی کردی۔