15 اپریل ، 2020
چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کی امداد روکنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عالمی ادارہ صحت پر چین کی طرفداری کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
امریکی صدر نے کہا تھا کہ تائیوان نے انسانوں سے انسانوں میں وائرس منتقلی کی وارننگ دے دی تھی لیکن عالمی ادارہ صحت نے ابتدائی وارننگ نظر انداز کرکے بیجنگ کی مدد کی۔
اس کے علاوہ امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت کی امداد روکنے کی دھمکی دی تھی جس کا آج باقاعدہ اعلان کیا گیا۔
امریکی فیصلے پر اپنے ردعمل میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے دنیا کی موجودہ صورتحال انتہائی سنگین اور تشویشناک مراحل میں ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سنگین صورتحال کے موقع پر امریکی فیصلہ عالمی ادارہ صحت کی کورونا کے خلاف کوششوں کو کمزور اور عالمی تعاون کو شدید متاثر کرے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وبا کے اس وقت میں امریکا اپنی ذمہ داریاں اور فرائض پورے کرے، وبا کے خلاف عالمی ادارہ صحت کی بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کرے۔
خیال رہے کہ امریکا عالمی ادارہ صحت کو سب سے زیادہ فنڈ دینے والا ملک ہے، امریکا نے گزشتہ برس بھی ڈبلیو ایچ او کو 40 کروڑ ڈالر امداد دی تھی جب کہ چین نے سال 19-2018 کے دوران عالمی ادارہ صحت کو 7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر فنڈ فراہم کیا تھا۔