Time 15 اپریل ، 2020
دنیا

بھارت میں کورونا سے متاثرہ مسلمانوں کو ہندو مریضوں سے علیحدہ کردیا گیا

مودی سرکاری میں بھارت کے گلی کوچوں میں بڑھتی مسلم دشمن سوچ اسپتالوں میں بھی پہنچ چکی ہے اور اس کا حالیہ مظاہرہ اس وقت سامنے آیا جب احمد آباد میں کورونا وائرس کے مسلمان مریضوں کے وارڈز  ہندوؤں سے جُدا کر دیے گئے۔

بھارت میں کورونا کے نام پر مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کو نفرت کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

حال ہی میں جب تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد میں کورونا مثبت آیا تھا تو بھارت کے متعصب میڈیا نے آسمان سرپر اٹھاتے ہوئے ملک میں کورونا پھیلنے کی تمام تر ذمہ داری مسلمانوں پر عائد کردی تھی۔

بھارتی میڈیا کی جانبداری کے باعث بھارت میں مسلمانوں کے حوالے سے نفرت میں مزید اضافہ ہوا ہے اور متعدد علاقوں میں  مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

اب بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ایک سرکاری اسپتال میں مسلمانوں سے تعصب کا مظاہرہ سامنے آیا ہے جہاں کورونا وائرس کے 40 مسلمان مریضوں کو  وبا کے شکار 110 ہندوؤں سے علیحدہ کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت کی طرف سے ایسا کرنے کی ہدایات ملی ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ساڑھے 11 ہزار ہوچکی ہے جب کہ 405 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :